سیرنگر:ترال میں تین نابالغ بچوں کے باپ ، شوپیاں میں بارہویں جماعت کے ایک طالب علم جبکہ اننت ناگ میں ایک غیر ریاستی گھریلو نوکر نے خود کو پھانسی پر لٹکا کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر دیا ۔ادھر صفا پورہ گاندربل میں پولیس نے پر اسرار حالات میں ایک عدم شناخت لاش بر آمد کی ۔ترال میں آج صبح واگڈنامی گائوں میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب مقامی لوگو ں نے45سالہ بشیر احمد ڈار ولد محمد شعبان نامی شہری کی لاش ایک کھیت میں اخروٹ کے درخت سے لٹکتی ہوئی پائی۔ اس دوران پولیس کو معاملے کی اطلاع دی گئی اور پولیس نے مذکورہ شہری کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر اُس کا پوسٹ مارٹم کرایا اور لاش ورثا کے سپرد کی ۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ شہری صبح 10بجے گھر سے نکلا تھا جس کے بعد اس نے نزدیکی کھیت میں ایک مضبوط رسی کے سہارے خود کو پھانسی پر لٹکا دیا ۔معلوم ہوا ہے کہ بشیر احمد ڈار انتہائی غربت کی زندگی گذار رہا تھا اور غالباً غربت سے تنگ آکر ہی اُس نے اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہری کا دماغی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا ۔وہ اپنے پیچھے 2نا بالغ بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑ گیا ۔اُس کی موت سے علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی ہے اور پولیس نے اس سلسلے میں دفعہ 174سی آر پی سی کے تحت کیس رجسٹر کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ادھر شوپیان میں گذشتہ شب سیدھو نامی علاقہ میں اُس وقت کہرام مچ گیا جب علاقہ میں اشفاق مجید لون ولد عبدالمجید نامی بارہویں جماعت کے طالب علم کی خود کشی کی خبر جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی ۔پولیس کے مطابق اشفاق مجید نے خود کو اپنے گھر میں ہی پھانسی پر لٹکا دیا اور اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔بعد میں پولیس نے اس کی لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کی ۔اشفاق مجید کی موت سے علاقہ بھر میں ماتم کا ماحول ہے اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس نے کن وجوہات سے تنگ آکر اپنی زندگی ختم کر دی۔شام دیر گئے ملی ایک اطلاع کے مطابق گلشن آباد اننت ناگ میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پیدا ہوا جب ڈاکٹر نذیر احمد میر ساکن نزدیک پاورہائوس کے گھر میں کام کررہے گھریلو نوکر 21سالہ گوندر کمار ولد تلو چودھری ساکن بہار نے مکان کی دوسری منزل میں خود کو پھانسی پر لٹکادیا۔واردات کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا اور پولیس کی ایک ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور اس کا پوسٹ مارٹم کرایا۔فوری طور پر اسکی خود کشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ،لیکن پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کی ہے۔دریں اثناء پولیس ذرائع کے مطابق آج صبح گرٹہ بل بڈنار صفا پورہ کے مقامی لوگوں نے ایک کھیت کے نزدیک لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ لاش کسی مرد کی ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔لاش کو شناخت کیلئے پولیس پوسٹ صفا پورہ میں رکھا گیا ہے۔پولیس کے مطابق لاش پر ظاہری طور زخم کا کوئی نشان نہیں ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
No comments:
Post a Comment