Tuesday, April 20, 2010

نظربندوں کو خواب آور ادویات کا عادی بنائے جانے کا انکشاف

سرینگر// لبریشن فرنٹ نے سرینگر سینٹرل جیل میں مقید فرنٹ قائدین سراج الدین داﺅود او رسہیل احمدکٹاریہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کی دیگر جیلوں میں اسیروں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی ہے۔اطلاعات مطابق فرنٹ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیلوںمیں مقیداسیروں کو مناسب طبی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے جس سے ان کے اہل خانہ انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں۔بیان کے مطابق فرنٹ قائد سراج الدین داوود جو کالے قانون پی ایس اے کے تحت نظربند ہیں اور دوسرے اسیروں کو تاریخوں پر پیش عدالت نہیں کیا جاتا اور یوں اِن کی اَسیری کو طوالت دی جاتی ہے۔ فرنٹ کے دفترپر ادھمپور جیل میں قید کئی افراد کے اہل خانہ نے آکر وہاں قیدیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی داستانیں بیان کیں۔ بیان کے مطابق مس رجنی سہگل سپرانڈنٹ جیل نے اس زندان کو ایک نازی کیمپ میں تبدیل کردیا ہے۔انہوںنے کہا کہ انڈرٹرائل قیدیوں سے لنگر کی ڈیوٹی لی جاتی ہے اور اگر کوئی ایسا نہ کرپائے تو اُس سے تاوان وصولا جاتا ہے جبکہ جیل میں سوکھی راشن اور کشمیری چائے پر یہ کہہ کر پابندی عائد کی گئی ہے کہ کشمیریت کو نہیں چلنے دیا جائے گا۔بیان کے مطابق سیاسی قیدیوں اورعادی مجرمین کو ایک ساتھ رکھا جاتا ہے اور ہر قیدی کو صبح پریڈ پر وندے ماترم پڑھنے پر مجبور کیا جاتا ہے جبکہ ایک بزرگ قیدی محمد بخشی گول کو حال ہی میں ایک ٹانگ پر کھڑا کرکے بے حال کیا گیا۔اس جیل میں تعینات ڈاکٹر رشید پونچھ نے بھی یہاں کے اسیروں کو خطرناک ادویات کا عادی بناکر انہیں ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھی ہے۔قیدیوں کے اہل خانہ نے کہا کہ مذکورہ ڈاکٹر ہر بیمار قیدی کو نیند آور ادویات دیتا ہے اور حالت یہ ہے کہ آج اس جیل میں مقید اکثر اسیر سوتے رہتے ہیں ۔بیان میں کہا گیاہے کہ قیدی ان ادویات کے عادی بن چکے ہیں اور اب ان سے ان ادویات کے عوض پیسہ وصولا جاتا ہے جبکہ یہی حال دوسری جیلوں کا بھی ہے۔بیان میں فرنٹ نے جیلوں میں ہورہے اس ظلم و جبر کی سخت مذمت کی ہے۔ درایں اثناءفرنٹ نے معروف معالج ڈاکٹرسید قیصر جاہ سے ان کے جوان سال بچے کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اس بچے کی وفات پر تعزیت پرسی کی غرض سے فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، جنرل سیکٹری غلام رسول ڈار ایدھی اور محمد صدیق شاہ پر مشتمل ایک وفد نے صنعت نگر جاکر سید قیصر جاہ اور مرحوم کے دوسرے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

No comments:

Post a Comment